ads

دین اسلام کی معرفت

 


دین اسلام کی معرفت


اللہ تعالیٰ ہی وہ ذات پاک ہے جس نے تم کو پیدا کیا اور روزی عطا فرمایا، اور وہی تن تنہا معبود برحق ہے جس کا کوئی شریک نہیں اور تمہارے لیے ضروری ہے کہ تم صرف اسی کی عبادت کرو۔

محمد صلی اللہ علیہ وسلم تمہاری طرف اور ساری انسانیت کی طرف اللہ کے بھیجے ہوئے رسول ہیں. اب تمہارا اللہ پر اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان اسی وقت معتبر سمجھا جائے گا جب تم دین اسلام کی صحیح معرفت حاصل کر کے اس پر ایمان لے آؤ اور اس کے مطابق عمل صالح کرو اس لیے کہ کیا وہ دین اسلام ہے جسے اللہ تعالیٰ نے پسند فرمایا ہے، اور اسی کا تمام رسولوں کو حکم دیا ہے، اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو دے کر سارے لوگوں کی طرف مبعوث فرمایا ہے اور اس کے مطابق عمل کرنا واجب قرار دیا ہے۔ 


اسلام کی تعریف :

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:


"اسلام یہ ہے کہ تم اس بات کی گواہی دو کہ اللہ تعالی کے علاوہ کوئی معبود برحق نہیں، اور محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) اللہ کے رسول ہیں، اور نماز قائم کرو، اور زکوۃ ادا کرو، اور رمضان کے روزے رکھو، اور حج بیت اللہ کرو اگر اس کے سفر کی استطاعت رکھتے ہو" (بخاری و مسلم)


چنانچہ اسلام وہ عالمی دین ہے جس کے اپنانے کا اللہ تعالیٰ نے سارے لوگوں کو حکم دیا ہے اور تمام انبیاء کرام اس پر ایمان لائے ہیں اور اس کا انہوں نے اعلان و اعتراف کیا ہے اور خود اللہ تعالیٰ نے اعلان فرما دیا ہے کہ یہی وہ دین حق ہے جس کے علاوہ کوئی دوسرا دین قابل قبول نہیں ہو گا،

چنانچہ ارشاد ہے:

إِنَّ الدِّينَ عِندَ اللَّهِ الْإِسْلَم (آل عمران : (۱۹)

"یقینا دین تو اللہ کے نزدیک اسلام ہی ہے۔"

مزید فرمایا :

وَمَن يَبْتَغِ غَيْرَ الْإِسْلَامِ دِينًا فَلَن يُقْبَلَ مِنْهُ وَهُوَ فِي الْآخِرَةِ مِنَ الْخَسِرِينَ (آل عمران : ۸۵)


"اور جو کوئی اسلام کے سوا کسی اور دین کو تلاش کرے گا سو وہ اس سے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا اور وہ شخص آخرت میں تباہ کاروں میں سے ہو گا۔"


آیت کریمہ کی اجمالی تشریح :

اللہ تعالیٰ یہ بتانا چاہتا ہے کہ اس کے نزدیک معتبر و مقبول دین صرف

دین اسلام ہے۔

اور دوسری آیت میں اس کی وضاحت فرمائی کہ دین اسلام کے علاوہ وہ کسی سے بھی کوئی دین قبول نہیں کرے گا اور مرنے کے بعد صرف مسلمان ہی نیک بخت ہوں گے اور جو لوگ دین اسلام کے علاوہ کسی اور دین کو اپنائے ہوئے مرجائیں گے تو وہ بڑے خسارے میں ہوں گے اور طرح طرح کے عذاب میں مبتلا رہیں گے، اسی وجہ سے سارے انبیاء کرام نے دین اسلام کو اختیار فرمایا اور اس کی طرف دعوت دی اور جس نے اس سے روگردانی کی اس سے انہوں نے اعلان براء ت کیا ہے۔ اس لیے جو یہودی یا عیسائی نجات اور سعادت چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ اسلام کو قبول کر لیں اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت و رسالت کا اعتراف کر کے آپ کی شریعت کو اپنا لیں تاکہ حضرت موسیٰ اور حضرت عیسیٰ علیہما السلام کے حقیقی پیرو کار ثابت ہوں، کیونکہ خود حضرت موسیٰ و عیسیٰ اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور سارے انبیاء کرام مسلمان تھے اور دین اسلام ہی کی انہوں نے دعوت دی ہے، کیونکہ یہی وہ دین ہے جس کے ساتھ اللہ نے انہیں بھیجا تھا۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے بعد سے لیکر تا قیامت کوئی شخص بھی اس وقت تک مسلمان ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتا جب تک کہ آپ کی نبوت و رسالت کو نہ دل سے قبول نہ کر لے اور آپ کی سنت و شریعت کی مکمل طور پر تابع داری نہ اختیار کرے اور آپ پرنازل کردہ کتاب قرآن کریم پر عمل پیرا نہ ہو جائے۔ 


چنانچہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے۔

قُلْ إِن كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللهُ وَيَغْفِرْلكُمْ ذُنُوبَكُمْ وَاللَّهُ غَفُورٌ رَّحِيمُ الله (آل عمران : ۳۱)"

" آپ کہہ دیجئے کہ اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری پیروی کرو اللہ تم سے محبت کرنے لگے گا اور تمہارے گناہ بخش دے گا اللہ بڑا بخشنے والا ہے بڑا مہربان ہے۔"

آیت کریمہ کی اجمالی تشریح :

اللہ تعالیٰ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ حکم فرما رہا ہے کہ اللہ تعالی سے محبت کے دعویداروں سے یہ فرما دیں کہ اگر تم لوگ واقعی اللہ تعالٰی سے محبت کرتے ہو تو میری اتباع کرو اللہ تعالیٰ تم سے محبت کرنے لگے گا اور تمہارے گناہوں کو معاف فرما دے گا جب تم محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لاؤ آپ کی اطاعت اختیار کرو کیونکہ اللہ تم سے اسی وقت محبت کرے گا۔

اور یہی وہ دین اسلام ہے جس کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ساری انسانیت کی طرف لے کر مبعوث ہوئے ہیں اور یہ ایسا مکمل دین ہے جس کی تکمیل اللہ تعالیٰ نے فرمائی ہے اور اپنے بندوں کے لیے اسی دین کو پسند فرمایا ہے جس کے علاوہ کوئی دوسرا دین اس کے نزدیک قابل قبول نہیں ہے اور اسی دین کی سارے انبیاء کرام نے بشارت دی تھی.

اب ہم سب لوگوں کا یہ فرض ہے کہ اگر ہم الله اور اس کے رسول کو مانتے ہیں تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  کے احکامات پر بھی سچے دل سے عمل کریں.

"الله ہم سب کو اپنے دین پر (ایسا دین جو ہمیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دیا) عمل کرنے کی توفیق عطا فرماے . آمین!"

اہم موضوع

اسلامی واقعات (قسط نمبر پانچ)

اسلامی وا قعات (قسط نمبر چار)

اسلام کو نقصان پہنچانے والے لوگ